ہفتہ سے پیر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی
بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہیں،ڈرائیور حضرات بارش اور برفباری کی صورت میں محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں، پی ڈی ایم اے کا الرٹ
اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ہفتہ سے پیر کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔ پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا۔
پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائیں ہفتہ کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو پیر تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔28 (رات) سے 30 جنوری کے دوران مری میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔ مری میں برفباری سے سڑکیں بند اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ شدید برف باری سے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 29 اور 30 جنوری کو اسلام آباد ،لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد اور جھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ہلکی بارش متوقع ہے۔چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرات میں 02 سے 04 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ڈرائیور حضرات بارش اور برفباری کی صورت میں محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔
Comments are closed.