اسلام آباد : مون سون کی دھواں دھار انٹری۔موسلا دھار بارش سے اسلام آباد اور راولپنڈی پانی پانی۔نشیبی علاقے ڈوب گئے۔بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے سامان خراب ہوگیا۔نالہ لئی کی سطح بلند ہوگئی۔محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
صبح کے وقت کالی گھٹائیں چھائیں اور بادل جم کر برسے۔اسلام آباد اورراولپنڈی میں جل تھل ایک ہوگیا۔موسلا دھار بارش نے راولپنڈی اوراسلام آباد کے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا۔۔طوفانی بارش نے راولپنڈی کے علاقے ڈھوک جمعہ میں تباہی مچا دی۔۔گلیاں ڈوب گئیں۔۔پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔۔ چکلالہ سکیم تھری میں گلیاں دریا کا منظر پیش کررہی ہیں۔
بحریہ سفاری ولاز فیز تھری اورفور میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔اہل علاقہ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے۔بکرہ منڈی اور کمال آباد کے علاقوں میں بھی ہرطرف پانی ہی پانی نظر آیا۔چک جلال دین میں پانی پل کے اوپر سے گزرنے لگا۔
اسلام آباد کے علاقے پاکستان ٹائون میں بھی گلیاں ڈوب گئیں۔بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے سامان خراب ہوگیا۔اڈیالہ کے علاقے کچی پہاڑی میں چھت گرنے سے 4 گھر متاثر ہوئے۔ملبے تلے دب کر ایک گائے ہلاک ہوگئی۔
شدید بارش میں نالہ لئی کی سطح بھی بلند ہوگئی۔کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 10 اور گوالمنڈی کے مقام پر 12 فٹ تک جا پہنچی۔
راولپنڈی میں87 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔واسا کا عملہ متحرک ہوگیا اورمشینری کے ذریعے سڑکوں سے پانی نکالتا رہا۔۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ایم ڈی واسا کے ہمراہ نالہ لئی کا دورہ بھی کیا۔
Comments are closed.