اسلام آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور افغان خفیہ ادارے ’این ڈی ایس‘ کے کالعدم تحریک طالبان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے ساتھ مل کر پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کی ایک اور سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ اور افغان خفیہ ادارے ’این ڈی ایس‘ کا پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، پاکستانی اداروں نے راء اور این ڈی ایس کی کالعدم تحریک طالبان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کو پاکستان کے خلاف متحد کرنے کی سازشوں کا پتہ چلا لیا۔
’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ افغانستان میں دیرپا امن کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ بن گئے، یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 16 اگست کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور افغان خفیہ ادارے ’این ڈی ایس‘ کے کالعدم تنظمیوں کے ساتھ پکتیکا اور کنڑ میں اہم اجلاس ہوئے، جن میں تحریک طالبان پاکستان، کالعدم جماعت الاحرار اور کالعدم حِزب الاحرار کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بھارتی اور افغان خفیہ ایجنسیوں کے ایماء پر امن دشمنوں کے اس اجلاسں میں جماعت الاحرار کے اکرام اللہ ترابی نے بھی شرکت کی جسے کچھ عرصہ قبل عدالت نے ضمانت پر رہا کیا تھا، اکرام اللہ ترابی کو دسمبر 13 میں افغانستان سے ایساف نے گرفتار کر کے پاکستان کی حوالے کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے اجلاس میں پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے لئے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش بھی تیار کی گئی۔
Comments are closed.