راولپنڈی:وکیل بچوں کے سامنے قتل، وکلا کی ہڑتال،سی پی او کا نوٹس

شیخ عمران بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے ،ڈھیری حسن آباد میں ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی:پولیس

راولپنڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے وکیل کو بچوں کے سامنے قتل کر دیا۔شیخ عمران بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے احتجاجاً آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق شیخ عمران کو ڈھیری حسن آباد الف شاہ قبرستان کے قریب نامعلوم ملزمان نے ٹارگٹ کیا اور سر میں دو گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔تھانہ سول لائنز پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے وکیل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے مزید شواہد جمع کرنے کے لیے فرانزک ٹیم کو طلب کیا ہے۔

Comments are closed.