حکم کا انتظار کیے بغیر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں، آرمی چیف

اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ہر اک تک پہنچنے، بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، چاہے کتنی ہی محنت درکار ہو، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

بلوچستان : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حکم کا انتظار کیے بغیر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں۔ ہمیں قدرتی آفت پر قابو پانے میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف گوٹھ صدوری، لاکھڑا، لسبیلہ میں قائم فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ گئے۔ آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کی خیریت دریافت کی۔ آرمی چیف نے امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ہر اک تک پہنچنے، بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، چاہے کتنی ہی محنت درکار ہو۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مصیبت میں گھرے افراد کو خدمات کی فراہمی کی کاوشوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاؤ، امداد، بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے بھی بھرپور مدد کی ہدایت کی۔آرمی چیف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد، بحالی کے لیے سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکم کا انتظار کیے بغیر اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں۔ ہمیں قدرتی آفت پر قابو پانے میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک فوج کی طرف سے ملک گیر سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے۔ لاہور ڈویژن میں اب تک 10 مقامات پر امدادی کیمپ عمل پذیر ہو چکے ہیں
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لئے لاہور کے مختلف مقامات پر کیمپ قائم کر چکی ہے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے نوشہرہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ کورکمانڈر کا کہنا تھا کہ متاثرہ آبادی کی مدد اور مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ترجمان پاک کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 487 راشن پیک اور 1200 سے زائد خیمے متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔۔ اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ ملک بھر میں 117 ریلیف کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔۔۔امدادی اشیاء کی وصولی اور تقسیم کے لیے ملک بھر میں آرمی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.