ہلالِ احمراورنظامت تعلیمات کے مابین طلباء کی تربیت کیلئےمعاہدہ طےپاگیا

اسلام آباد:وفاقی نظامت تعلیمات اور ہلالِ احمر کے مابین طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے، استعداد کار بڑھانے، ابتدائی طبّی امداد کے طریقے سیکھنے اور  انسانی خدمت کے اقدامات میں حصہ ڈالنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔ وفاقی نظامت تعلیمات سے الحاق کردہ تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔وفاقی وزیر تعلیم پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور  ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق بھی  اس و قت موجود تھے۔

 اس موقع  پر  وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہلالِ احمر کی جانب سے ریڈکریسنٹ کور کے قیام کی تعریف کرتے ہوئے  کہا کہ ریڈکریسنٹ کور“ کا قیام خوش آئند ہے۔طلبا و طالبات کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ دے کر ریڈکریسنٹ کور میں شامل کیا جائے گا۔کسی بھی ناگہانی صورتحال میں تربیت یافتہ طلباءاپنی قوم کی بہتر خدمت کرسکیں گے ۔ شفقت محمود نے کورونا وباءکے دوران متاثرہ افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات دینے اور وباءسے نمٹنے کیلئے آگاہی مہم سے متعلق ہلالِ احمر کی خدمات کو  بھی سراہا ۔

 چیئرمین ہلال ِاحمر جناب ابرار الحق نے کہا ہلالِ احمر کے تربیت یافتہ رضاکار ملک کے کونے کونے میں اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔دونوں اداروں کے مابین اشتراک تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کیلئے بنیاد  فراہم کرے گا۔ ریڈکریسنٹ کور کی چھتری تلے تربیت یافتہ طلبہ و طالبات کسی بھی ناگہانی صورتحال میں متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد کرسکیں گے۔

اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر خالد بن مجید نے کہا وفاقی نظامت تعلیمات کے تحت رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات ریڈکریسنٹ کور کے باقاعدہ ممبر بن کر انسانی خدمت کے مختلف پروگراموں میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ تمام رجسٹرڈ فیکلٹیز اور طلبہ و طالبات کو فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جائے گی۔دونوں ادارے خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے بھی  باہمی روابط کو فروغ دیں گے۔

Comments are closed.