اسلام آباد: مون سون بارشوں کے متاثرین کی بحالی اور امداد کا جائزہ لینے کے حوالے سے ہلالِ احمر کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین ابرار الحق کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ،ایمرجنسی ریسپانس، لاجسٹک ڈیپارٹمنٹ، محکمہ صحت،فرسٹ ایڈ کے افسران اورہلالِ احمر کے رضاکاروں نے شرکت کی۔اِس موقع پر چیئرمین ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر متاثرین کی امداد اور بحالی میں تندہی سے کوشاں اور مصروف ِ عمل ہے۔بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔متاثرین کی بحالی کیلئے شیلٹرز، گھریلوسامان، غیر خوردونوش اشیاء اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔
اِس موقع پر ابر ار الحق نے ہلالِ احمر ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ایمرجنسی ریسپانس، پیرامیڈیکس، ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی بلوچستان کے مختلف اضلاع، سندھ کے بڑے شہر کراچی، گلگت بلتستان، کے پی میں بارشوں س متاثرہ گھرانوں کی امداد و بحالی کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ ہلالِ احمر تمام متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک میدان میں سرگرمِ عمل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل امداد و بحالی کے لئے مزید امدادی پیکیج بھیجے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے فوری بعد ہلال ِاحمر پاکستان نے اپنی برانچوں اور ضلعی سطح پر دفاتر کو ہدایات جاری کیں۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،سابقہ فاٹا کے اضلاع، آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور باالخصوص، چمن بارڈر سے ملحقہ علاقوں اور کراچی میں ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کومتحرک کیا گیا۔
ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں قائم کنٹرول روم مسلسل نگرانی اور رابطہ میں رہا۔ چترال، کوئٹہ، غذر میں جائزہ ٹیموں کی مدد سے ضروریات کا تعین کیا گیا اور ساتھ ساتھ نقصان کا تخمینہ لگا یا گیا۔ چترال میں فرسٹ ایڈ ٹیم نے زخمیوں کوموقع پر طبّی امداد دی، متاثرہ گھرانوں میں خیمے، گھریلو استعمال کی اشیاء، ہائیجین کٹس، کچن کا سامان، بالٹیاں وغیرہ تقسیم کیا گئیں۔ ہلال ِاحمر نے اپنے موومنٹ پارٹنرز کے ساتھ بھی قریبی رابطہ میں رہا۔ کراچی میں بارشوں کے باعث پیدا صورتحال میں رضاکار ٹیموں نے امدادی اداروں کیساتھ مل کر خدمات انجام دیں۔
Comments are closed.