راولپنڈی:منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر کی زیر صدارت ریونیو ریکوری سے متعلق اجلاس۔ جون کے مہینے میں 10 کروڑ کا ہدف مقرر۔ ہدف پورا کرنے پر اسٹاف کیلئے 15 دن کی بنیادی تنخواہ اعزازیہ دینے کا اعلان
اجلاس میں واسا کیطرف سے کنزیومر سروے کے بارے میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ ریونیو طاہر بشیر مرزا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ واسا راولپنڈی نے پہلی دفعہ اپنے اسٹاف کے ذریعے کنزیومر سروے کروایا ہے جس پر کوئی اضافی لاگت نہیں آئیہے۔ اس سروے میں 3127 غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے ہیں جن سے سالانہ چاڑ کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد اضافی ریونیو ریکوری ہوگی۔ جبکہ اس سے پہلے روٹین کی ریکوری مہم کے دوران سروے سے پہلے 1683 غیرقانونی کنکشنز پکڑے گئے تھے اس طرح کل 4810 غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے ہیں۔ جبکہ سروے کے دوران 9328 کنکشنز کی اپ گریڈیشن بھی کی گئی ہے۔ جس کیوجہ سے 28 لاکھ روپے ماہانہ اضافی ریونیو وصول ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ غیر قانونی کنکشز کے خلاف کاروائی مسلسل جاری رہے گی۔ اور اس آپریشن میں کسی قسم کے رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا محمد تنویر نے ریونیو اسٹاف کی کاوشوں کو سراہا اور اچھی کارکردگی دکھانے والے ملازمین کیلئے اعزازیے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو انسپکٹر ریونیو اور اس کی ٹیم اس ماہ دس کروڑ روپے ریکوری کے ہدف کو پورا کرنے میں 80 فیصد سے زائد ریکوری کرے گا اسے اضافی 15 دن کی بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دی جائے گی اور جو اس ٹارگٹ کو پورا کرنے میں ناکام ہوگا اس کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ٹار گٹ کو پورا کرنے کیلئے تمام انسپکٹر ریونیو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیلی پراگرس رپورٹ اپنے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو پیش کریں گے۔ اور رپورٹ ایم ڈی واسا کو دیں گے۔ ایم ڈی واسا نے کہاہے واسا کے تمام اخراجات کا دارومدار ریونیو ریکوری پر ہے اس لیے اس میں کسی بھی قسم کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور نادہندگان کسی بھی نرمی کی توقع نہ رکھیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ یا سفارش قبول نہیں کی جائےگی۔ انہوں نے اس موقع ریونیو ریکوری کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے نپٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس کے کردار کو سراہا جن کا بھر پور تعاون واسا کے ساتھ رہا ہے۔
ایم ڈی واسا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آخری نادہندہ سے وصولی تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ ریونیو طاہر بشیر مرزا ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اینڈ ریونیو رانا شمس الرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو چوہدری اکمل یاسین، ریونیو انسپکٹرز اور دیگر ریونیو اسٹاف نے شرکت کی ہے۔
Comments are closed.