شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی نظر ثانی اپیل بھی مسترد، اڈیالہ جیل منتقل
بغاوت اور اداروں کیخلاف اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت، شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی نظر ثانی اپیل بھی مسترد، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا فیصلہ برقرار، شہباز گل اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد کی عدالت نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی نظر ثانی اپیل بھی مسترد کر دی ۔ عدالت کے حکم پر ملزم کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ شہباز گل کہتے ہیں، عمران خان کیخلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی اعترافی بیان نہیں دیا۔
دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیاگیا۔ تفتیشی افسر اور ایڈوکیٹ جنرل نے موقف اختیارکیاکہ شہباز گل سےدوسرا موبائل اور لیپ ٹاپ برآمد کرنا ہے جبکہ پولی گرافک ٹیسٹ ہونا بھی باقی ہے، ملزم کےریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے ۔ دوران سماعت شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ انھیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورسونے نہیں دیا جاتا ، طبی معائنہ بھی نہیں کرایا گیا ،وہ افواج کے بارے میں غلط بات کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ دلائل مکمل ہونے پر مجسٹریٹ نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
پولیس نے فیصلے کے خلاف سیشن عدالت میں نظر ثانی درخواست دائر کی، عدالت نے نظرثانی درخواست بھی مستردکرتے ہوئے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دے دیا۔شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ عمران خان کیخلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی اعترافی بیان نہیں دیا۔
عدالتی حکم پر شہباز گل کا میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ بھی کیا، رپورٹ مطابق ملزم کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ۔ بعد ازاں شہبازگل کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
Comments are closed.