عالمی یوم آزادئ صحافت، RIUJ کاپارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس RIUJ نے عالمی یوم آزادئ صحافت کے موقع پر پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ارشد شریف سمیت دیگر شہید صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شمعیں روشن کیں آر آئی یو جے کے صدر شکیل احمد۔جنرل سیکرٹری محمد صدیق انظر ۔صحافی ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق۔سول سوسائٹی سے لفٹ کی چیئرپرسن عاصمہ ملک۔پی ایف یوجے کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل رضوان غلزئی۔ممبرایف ای سی قیصر مرزا نے خطاب کیا مقررین نے کہا کہ

یہ دن پاکستان میں آزادی صحافت پرسوالیہ نشان ہے، پاکستان میں آمریت ہو یا جمہوریت ،آزادی صحافت ہر دور میں خواب ہی رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس دن کے انعقاد کی ایک وجہ معاشرے کو یہ یاد دلانا بھی ہے کہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں فراہم کرنے کے لیے کتنے ہی صحافی اس دنیا سے چلے گئے اور کئی پس دیوار زنداں ہیں۔پاکستان میں صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کیا جاتا ہے اس کے باوجود اہل صحافت نے ہمیشہ پابندیوں کے کالے قوانین اور اسیری کے ادوار دیکھے ہیں۔

 صحافت کی موجودہ معمولی آزادی کسی کی دی ہوئی نہیں بلکہ یہ بھی صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے عقوبت خانوں میں تشدد سہا، کوڑے کھائے اور پابند سلاسل رہے مقررین نے ارشد شریف شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے صحافت کو نئی امنگ ملی ہے ان کو خون رائیگاں نہیں جائے گا آج نہیں تو کل ان کے قاتل کیفر کردار تک پہنچیں گے ارشد شریف شہید کی بیوہ جویریہ صدیق نے مطالبہ کیا کہ ارشد شریف کے قتل کی منصفانہ تحقیقات کے لئے صحافتی تنظیموں کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم نے کینیا کی حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے اور انصاف کے حصول کے لئے عالمی عدالت انصاف سے بھی رجوع کرونگی اس حوالے سے آر آئی یو جے۔ پی ایف یوجے اور آئی ایف جے میری مدد کرے آر آئی یوجے نے اس معاملے پر جویریہ صدیق کو مکمل تعاون کا یقین دلایا مقررین کے خطاب کے بعد شہدائے صحافت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی گئیں

Comments are closed.