راحیل شریف کی قیادت میں اسلامی عسکری اتحاد کا وفد پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد: چالیس ممالک کے اسلامی عسکری اتحاد کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں وفد دو روزہ قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

اسلامی فوجی اتحاد کا وفد اپنے پہلے دورے پر اتوار کی رات پاکستان پہنچا۔ وفد پاکستان میں دو روز قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔جنرل (ر) راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ اسلامی فوجی اتحاد کا وفد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرے گا۔

ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق اہم امور پر بات چیت ہوگی اور خطے کی صورتحال زیر غور آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران اسلامی فوجی اتحاد کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو ہوگی۔ موجودہ صورتحال میں اسٹریٹجک حوالے سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ دورہ اہم تصور کیا جارہا ہے۔ دو روز قیام کے بعد وفد کی واپسی منگل کو متوقع ہے۔

Comments are closed.