خصوصی افراد کے ملازمتوں میں کوٹہ پرعملدرآمد کا ایکشن پلان طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے معذور افراد کے ملازمتوں میں کوٹہ پرعملدرآمد کا ایکشن پلان اور ٹائم فریم 14 فروری کو طلب کر لیا ۔۔۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کہتے ہیں وفاق اور صوبے معذور افراد کیلئے قوانین پرعمل کریں یا انہیں منسوخ کر دیں۔

سپریم کورٹ میں معذور افراد کے ملازمتوں میں کوٹہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی اورصوبائی متعلقہ سیکرٹریز 14 فروری کو طلب کرلیا۔ معذور افراد کے ملازمتوں کے کوٹہ پرعملدرآمد کا ایکشن پلان اور ٹائم فریم بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں نےمعذور افراد کے قوانین پرعمل کرنا ہے تو کریں ورنہ انہیں منسوخ کر دیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا معذور افراد کی بھرتیوں کا اشہتار اخبارات میں دیا گیا ہے ، ریکروٹمنٹ کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں ۔ فاضل جج نے کہا بھرتیوں کیلئے معذور افراد سے پیسے نہ لے لینا۔

معذور افراد کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ حکومتیں بھرتیوں کے طریقہ کارکو آسان بنانے کی بجائے مشکل بنا رہی ہیں ۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نےکہا کام میں بہتری آ رہی ہے تو راستے میں دیوار چین کھڑی نہ کریں ، کسی کی چودھراہٹ نہیں چلنے دیں گے ، وفاق اور صوبائی  حکومتیں جان چھڑانے کیلئے بے دلی سے کام کر رہی ہیں ، کیس کی آئندہ  سماعت 14 فروری کو ہوگی۔

Comments are closed.