پاکستان میں کورونا وباء پھر سر اٹھانے لگی، 625 نئے کوروناکیسز، 15 ہلاکتیں ریکارڈ

اسلام آباد: پاکستان میں عالمی وباء ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہے، خطرناک وائرس مزید 15 زندگیاں نگل گیا جب کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 160 شادی ہالز اور ریسٹورنٹس جب کہ 4 سکول سیل کر دیئے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 31 ہزار 697 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 625 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی، جب کہ وباء سے متاثرہ مزید 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 13ہزار 431 جب کہ ہلاکتیں 6ہزار 499 تک جا پہنچی ہیں۔

ملک بھر میں انسداد کورونا کے لئے جاری ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر57 شادی ہال، 103 ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے جبکہ 4 کو بند کر کے  12 اسکولوں کو وارننگ دی گئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کورونا کے دوبارہ بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا، این سی او سی نے ملک میں انسداد کورونا کے حوالے سے جاری ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے جب کہ خلاف ورزی پر سخت کارروائیوں کی ہدایت کی۔

Comments are closed.