راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام کو گرفتار کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بی این اے، بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی، بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکئی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے، گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گلزارامام بلوچ راجی آجوئی سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگرکا آپریشنل سربراہ بھی رہا، گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ گلزارامام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، اس کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔
Comments are closed.