سینیٹ:اپوزیشن کا احتجاج،غیرملکی سرمایہ کاری سے متعلق بل منظور

تحریک انصاف کے سینیٹرز کا اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے کےخلاف شدید احتجاج،چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرکے نعرے لگائے، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،سینیٹر سرفراز بگٹی کی قطر کے امیر کو فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دینے کی قرارداد بھی متفقہ منظور

اسلام آباد : سینیٹ میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا ترمیمی بل منظور کرلیا گیا۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے کےخلاف آج بھی شدید احتجاج کیا۔چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرکے نعرے لگائے، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا۔۔اجلاس کے آغاز میں ہی سینیٹر سرفراز بگٹی نے قطر کے امیر کو فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دینے کی قرارداد پیش کی۔قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری کے فوری بعد تحریک انصاف کے ارکان نے نشستوں سے اٹھ کر چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرکے احتجاج کیا۔اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کراچھال دیں۔

اس دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا ترمیمی بل پیش کیا جسے منظورکرلیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے راستے کھلیں گے۔وزیر مملکت شہادت اعوان نے صنعتی تعلقات بل 2022 بھی پیش کیا جسے متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ تحریک انصاف کے ارکان کا احتجاج جاری تھا کہ چیئرمین سینٹ نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔

Comments are closed.