اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور 160 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔اطلاعات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم، پاکپتن، اوکاڑہ ، عارف والا، پھول نگر، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، شاہکوٹ، چونیاں، قصور ، شیخوپورہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔پاکپتن کے شہریوں کا مؤقف ہے کہ اتنا شدید زلزلہ پہلے نہیں آیا۔
Comments are closed.