پاکستان افغان امن مذاکرات کرانے میں کامیاب ہوگیا، وزیر خارجہ

ملتان: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ عمران خان کی حکومت سودے بازی کرنے نہیں آئی، پاکستان کے مفادات کا سودہ نہ پہلے کیا اور نہ اب کریں گے، امن جنگ سے نہیں ہوتا یہ ہمارا موقف رہا ہے اور ہمارے موقف کی دنیا نے تائید کی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں بھکاری نہیں ہیں، قومیں صرف پیسوں کے لیے بات نہیں کرتیں،سب قوموں کا ایک ویژن ہوتا ہے، پاکستان کو امداد نہیں خطے کا امن چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 3 فروری کو لندن میں کشمیریوں کے حق پر آواز اٹھائیں گے، کوشش ہے پاکستان کا موقف پیش کریں آج پاکستان کی موثر وکالت ہورہی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کا امن ہماری ضرورت ہے،پاکستان کے شہریوں نے17 سال افغانیوں کی میزبانی اور خدمت کی، ہمارا کبھی ارادہ تھا اور نہ ہے کہ ہم ان کے اندرونی معملات میں مداخلت کریں، پاکستان بطور ایک پڑوسی اور خیر خواہ کے ان کے ساتھ ہے، ہمارا کام تھا ایک میز پر لے آنا اور مذاکرات کرانا، پاکستان نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت سودے بازی کرنے نہیں آئی، پاکستان کے مفادات کا سودہ نہ پہلے کیا اور نہ اب کریں گے، امن جنگ سے نہیں ہوتا یہ ہمارا موقف رہا ہے اور ہمارے موقف کی دنیا نے تائید کی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر ہم ضد نہیں کر رہے کہ ہمارا چیئرمین ہو، مرکز میں وہ چاہتے ہیں کہ قائد حزب اختلاف ہو مگر سندھ میں ایسا نہیں چاہتے، اپوزیشن اپنا موقف پیش کرے اور ہلڑبازی نہ کرے، آپ اپنا رخ دکھایے، ہمیں بھی اپنا رخ دکھانے دیجیے آہستہ آہستہ بہتری آئے گی۔

Comments are closed.