انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر شہباز شریف اور احسن اقبال کونوٹس

الیکشن کمیشن میں ن لیگ کی انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پرسماعت، ن لیگ کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا،مسلم لیگ ن تو پارٹی الیکشن میں دلچپسی ہی نہیں لے رہی،کیا مسلم لیگ ن کی معطلی ہوئی ہے؟ ان کا نشان واپس لیا ہے؟:ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نوٹسز جاری کر دیئے۔مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پردائر درخواست کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے کی۔مسلم لیگ ن کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔

ممبر الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ نے ریمارکس دیئے کہ مسلم لیگ ن تو پارٹی الیکشن میں دلچپسی ہی نہیں لے رہی۔کیا مسلم لیگ ن کی معطلی ہوئی ہے؟ ان کا نشان واپس لیا ہے؟۔

حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجا ہے، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ایک آخری موقع دے دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شہبازشریف اور احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.