’’سلیکٹڈ کا تجربہ پاکستان کو مہنگا پڑا، آج گورننس، معیشت بدترین حالت میں ہیں‘‘

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 25 جولائی تاریخ میں ایک ایسے دن کے طورپر یاد رکھاجائے گا جس دن عوام کا مینڈیٹ چُرایا گیا اور ملک پر ایک سلیکٹڈ حکومت مسلط ہوئی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ دو سال ثابت کر رہے ہیں کہ یہ تجربہ پاکستان کو بہت مہنگا پڑا، آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معاشی نظام ایک مضبوط سیاسی حکومت کے بغیر نہیں بن سکتا، جب کہ کسی ملک کا دفاع مضبوط معیشت کے بغیر ممکن نہیں، پی ٹی آئی حکومت نے ابھرتے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زمین بوس کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ن لیگ کا ووٹ بینک چوری کیا گیا، جس کی وجہ سے عوام دو سال سے بھگت رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو ہر ا کر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو نشانہ بنایا گیا، معیشت تباہ ہو کر رہ گئی سی پیک محدود ہوگیا، کمزور معیشت کی وجہ سے مودی پاکستان کو آنکھیں دکھا رہاہے ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معاشی انقلاب تو دور،عوام کو دووقت کی روٹی کے لالے پڑگئے۔آٹا، چینی، پٹرول اور ڈرگ مافیا کا راج ہے، انتقام کی سیاست ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن متفق ہے کہ حکومتی پالیسیاں ملک کے لئے خطرہ ہیں، عید الاضحی کے بعد اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس منعقد ہوگی۔ جس میں حکومت سے نجات کےلئے لائحہ عمل طے کریں گی۔

Comments are closed.