پشاور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین آفریدی کے اعزاز میں پشاور میں خیبر پختونخوا پولیس نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جہاں انہوں نے خود بھی پولیس افسر کی وردی پہن کر خطاب کیا۔ شاہین آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیر سگالی کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
تقریب میں صوبے کے چیف سیکرٹری نے شاہین آفریدی کو اعزازی طور پر ڈی ایس پی رینک کا بیج بھی لگایا۔ صوبے کی پولیس کے انسپکٹر جنرل کے علاوہ اس تقریب میں کرکٹر فخر زمان بھی موجود تھے۔
پولیس افسر کی وردی پہن کر شاہین شاہ آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں کے پی پولیس کا گڈ ول برینڈ ایمبیسڈر ہوں۔ ہم صرف فیلڈ پر نظر آتے ہیں اور ہمیں سپرسٹار کہا جاتا ہے، اصل سپرسٹار پولیس ہے، پولیس کی قربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ اسی وردی میں ابو نے پولیس کی 25 سال نمائندگی کی، ہمارے گھر پر دو بار دھماکہ ہوا تھا، ایک بار ابو بہت زخمی ہوئے تھے۔شاہین آفریدی نے کہا کہ کافی مشکل ڈیوٹی ہے جو آپ لوگ سر انجام دے رہے ہیں، ہم سب پاکستانی کھلاڑی آپ کے ساتھ ہیں۔
اس سے پہلے سابق فاسٹ بولر فضل محمود باقاعدہ پولیس کا حصہ تھے جو ڈی آئی جی کے عہدے پر ریٹائرہوئے تھے۔پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخرزمان پاکستان نیوی سے وابستہ رہے ہیں۔درحقیقت انہوں نے اپنی کرکٹ نیوی کی طرف سے کھیلتے ہوئے شروع کی تھی۔ پاکستان نیوی نے دسمبر 2020 میں فخرزمان کو لیفٹننٹ کے اعزازی رینک سے نوازا تھا۔ اس سلسلے میں ہونے والی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے فخرزمان کو بیجز پہنائے تھے۔
Comments are closed.