جنوبی وزیرستان، دہشتگردی کیخلاف آپریشن، بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید

راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کو لیڈ کرتے ہوئے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہوگئے ہیں جبکہ سات سیکیورٹی اہلکار زخمی ہیں جن میں سے دو شدید زخمی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جنوبی وزیر ستان کے علاقے انگور اڈا میں ہوا۔ بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کا تعلق آئی ایس آئی سے تھا۔
بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی جنوبی وزیرستان میں آپریشن کو لیڈ کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں، ان کا تعلق انٹر سروسز انٹیلی جنس سے تھا۔ انہوں نے اے پی ایس حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خاتمے میں کردار ادا کیا تھا۔ شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے 12 اکتوبر 1995 کو فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ سوگواران میں، اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا ہے۔ وطن کی مٹی اور پوری قوم اپنے اس جری بیٹے کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وطن کی عزت و حرمت پر قربان ہو گئے ہیں، انہیں قوم کا سلام۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی شہادت پر اظہا رافسوس کرتے ہوئے شہید کی روح کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

Comments are closed.