شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکہ، سپاہی سمیت 2 شہری شہید
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اورغم کا اظہار اور لواحقین سے اظہارتعزیت کیا
میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں خودکش دھماکے سے سپاہی سمیت 2 شہری شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ میران شاہ میں ہوا جس میں 33 سالہ نائیک عابد اور 2 شہری شہید ہو گئے جبکہ ایک شہری شدید زخمی ہوا۔دھماکے میں زخمی شخص کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نورک مرسی خیل سے ہے، جن کی شناخت سید اللہ اور غنی کے نام سے ہوئی۔واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اورغم کا اظہار اور لواحقین سے اظہارتعزیت کیا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات ملکی امن کے لیے تشویشناک ہیں تاہم دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
Comments are closed.