بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنا ہوگا، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر چاہے معجل ہو یا غیرمعجل فوری ادا کرنا ہوگا۔

سپریم کورٹ نے بغیر اجازت دوسری شادی سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنا ہوگا، مہر معجل ہو یا غیر معجل دونوں صورتوں میں فوری ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔

پشاور کے رہائشی محمد جمیل نے اہلیہ کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کی تھی،  پشاور ہائی کورٹ نے محمد جمیل کو حق مہر فوری ادا کرنے کا حکم دیا تھا، ملزم نے عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کردی تاہم سپریم کورٹ نے حق مہر کی فوری ادائیگی کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

عدالت عظمیٰ کا پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس مظاہر علی اکبر نے جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دوسری شادی کے لئے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لازمی ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کا قانون معاشرے کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کے قانون کی خلاف ورزی سے کئی مسائل جنم لیں گے۔

Comments are closed.