تحریک انصاف کا احتجاج جاری،موٹروے بند،رہنمائوں کے وارنٹ جاری
مظاہرین نے ٹائراورموٹروے کے اطراف میں لگیں جھاڑیاں بھی جلا ڈالیں، اسلام آباد پولیس نے غلام سرور خان، ذولفی بخاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری حاصل، وفاقی پولیس نے ایئرپورٹ کو جانے والی موٹروے کو کلیئر کرنے کی اجازت مانگ لی
اسلام آباد : تحریک انصاف کا موٹروے ایم ٹو پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے ٹائر اور موٹروے کے اطراف میں لگیں جھاڑیاں بھی جلا ڈالیں۔ایم ٹو موٹروے دونوں اطراف سے بند ہیں۔موٹروے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی واثق قیوم نے گزشتہ روز تین روز موٹر وے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے غلام سرور خان، ذولفی بخاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے راستوں کو بند کرنے پر حاصل کئے گئے ہیں۔علی امین گنڈا پور اور پرویز خٹک اسلام آباد پولیس کو پہلے ہی مقدمات میں مطلوب ہیں۔
ادھر وفاقی پولیس نے ایئرپورٹ کو جانے والی موٹروے کو کلیئر کرنے کی اجازت مانگ لی۔سیکرٹری داخلہ اورچیف کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ کا شمار اہم تنصیبات میں ہوتا ہے۔ایئرپورٹ جانے اور آنے والے راستے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔کوئی ناخوشگوار واقعہ ملک کے لئے بدنامی کا باعث بن سکتا ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ اورراستے انتظامی طور پر پنجاب کی حدود میں ہیں۔وفاقی دارالحکومت تک رسائی کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے سفارتکار اور غیرملکی شخصیات یہی راستہ استعمال کرتے ہیں۔تمام وی وی آئی پیز کی نقل و حرکت اسی راستے سے ہوتی ہے۔ٹھلیاں اور پشاور موٹروے رکاوٹیں بین الاقوامی مصائب کا شکار ہو سکتی ہیں۔آئیں کے تحت چیف سیکرٹری پنجاب اور پولیس چیف کو واضح ہدایات جانی چاہئے۔اسلام آباد پولیس کو مکمل اختیارات دے کر راستے خالی کرانے کا اختیار دیا جائے۔اس حوالے سے تمام صوبوں کو واضح ہدایات جانی چاہئے کہ تین ٹول پالازوں تک رسائی دی جائے۔
ادھرعمران خان پرحملے کےخلاف راولپنڈی میں تحریک انصاف کا احتجاج جاری ہے۔مری روڈ پر کارکن موجود ہیں جنہوں نے رات خیموں میں گزاری۔نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔۔شمس آباد کے مقام پر ٹریفک کےلئے سڑک دونوں اطراف سے بند ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق اسلام آباد سے ایم ٹو موٹروے کو بھی ٹریفک کےلئے بند کیا گیا۔۔ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پرٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
Comments are closed.