لاہور : تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں نے بھی سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سابق صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ عمران خان نے مجھے سیاست میں آنے پر قائل کیا تھا، تحریک انصاف کا مقصد ارتقائی عمل سے تبدیلی لانا تھا،25 مئی 2022 کے بعد تحریک انصاف ارتقائی عمل سے ہٹ گئی۔
راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ پارٹی پر کچھ انقلابی سوچ والے کچھ زیادہ حاوی ہو چکے تھے، 9 مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں، احتجاج کی آڑ میں فوجی تنصیبات پر حملے ناقابل قبول ہیں، راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔
دوسری جانب تحریک انصاف پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری کامران بنگش نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری، نجی اور عسکری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے۔
سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا ہے کہ پاک فوج کی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاک فوج کے خلاف ہر قسم کے اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
Comments are closed.