دہشتگردی کا مقدمہ، عمران خان کا آج عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی تین روز کے لیے راہداری ضمانت منظورکی تھی

اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان دہشتگردی کے مقدمے میں آج خود انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

بدھ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت قانونی ٹیم کے اجلاس میں عدالت پیشی کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے ویڈیو پیغام میں کہا عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اے ٹی سی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ عمران خان آج خود انسداد دہشت گردی کی عدالت پیش ہوں گے۔

اس سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی تین روز کے لیے راہداری ضمانت منظورکی تھی ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہیں تو تین روز میں انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ عمران خان ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں ،اس لئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج چھٹی پر ہیں ،اس لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف گزشتہ روز دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن درخواست گزار کا ماضی کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں ہے۔ عمران خان کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں، استدعا ہے کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔

اس سے قبل عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے تین اعتراض عائد کیے۔ رجسٹرار آفس کے مطابق عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کروایا۔ عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت جانے کی بجائے ہائی کورٹ کیسے آ گئے؟ دہشت گردی کے مقدمے کی مصدقہ نقل بھی فراہم نہیں کی گئی۔ اس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اعتراضات کیساتھ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان کی راہداری ضمانت منظور کی تھی

Comments are closed.