آرمی چیف کی طلبہ اور شہدا کے بچوں سے ملاقات، سر پر دست شفقت رکھا

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر سکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔شہدا کے بچے بھی ملاقات میں شامل تھے۔سپہ سالار نے سپاہی عمران شہید کی بیٹی عذرا سے بھی ملاقات کی۔انتہائی شفقت اور پیار سے قوم کی بیٹی کو یقین دلایا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف نے شہدا کے بچوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے آرمی چیف نے اپنے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج ہمیشہ آپکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

دوسری جانب آرمی چیف نے سپاہی عمران شہید کی بیٹی کو آج جی ایچ کیو کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا۔ کچھ دن قبل سپاہی عمران شہید کی بیٹی کے ویڈیو بیان نے پوری قوم کو اشکبار کر دیا تھا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہر مشکل میں پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ہماری نوجوان نسل خاص کر بچے ملک کے مستقبل کا معمار ہیں۔پاک فوج آنے والی نسلوں کے لئے ملک میں امن و سلامتی کے قیام کی خاطر ہمیشہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Comments are closed.