ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی،تحقیقاتی ٹیم کینیا جائے گی

سینئرصحافی کی میت دوحہ سے قطرایئرویزکے ذریعے رات ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی،لوگوں کے نعرے،دوبارہ پوسٹمارٹم ہوگا آج ارشد شریف گیا ہے تو کل میری اور آپ کی باری ہے،برائے مہربانی ہماری پرائویسی کا خیال رکھیں:اہلیہ ارشد شریف،کینیا جانے والی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل

سینئر صحافی اوراینکرارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی، میت دوحہ سے قطر ایئرواز کی پرواز کے ذریعے رات ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید بھی موجود تھے۔لوگوں کی بڑی تعداد پاکستان پرچم اٹھائے ایئرپورٹ پہنچی اورنعرے بازی کی۔
ارشد شریف کی میت کوایئرپورٹ سے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا۔اہلخانہ کے مطابق ارشد شریف کا دوبارہ پوسٹمارٹم کرایا جائے گا۔ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ ارشد شریف کے لیے آواز اٹھائیں۔مجھے کینیا کے صحافیوں نے بتایا کہ ارشد شریف کا قتل کیا گیا ہے۔میری آپ سب سے گزارش ہے کہ اس کو ہائی لائٹ کریں۔
جویریہ صدیق نے کہا کہ اگر آج ارشد شریف گیا ہے تو کل میری اور آپ کی باری ہے۔برائے مہربانی ہماری پرائویسی کا خیال رکھیں۔ہمارے گھر کے بچوں کی تصاویر نہ استعمال کریں۔ارشد شریف کی مغفرت کیلئے دعا کریں۔دبئی کی حکومت سے سوال ہے کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور کیا۔صحافت کوئی جرم نہیں ہے۔
ادھرارشد شریف کے کینیا میں قتل کی تحقیقات کے لیے وزارتِ داخلہ نے تین رکنی ٹیم تشکیل دیدی۔ تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل ہیں۔وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا روانہ ہوگی۔کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی کی معاونت کرے گا۔ ٹیم اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔

Comments are closed.