اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس کو وفاقی بجٹ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون 2023 کو پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم کی جانب سے بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آمدن اور محصولات کے حوالے سے اس سال کے نظر ثانی شدہ اور اگلے سال کے ٹارگٹیڈ تخمینہ جات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی معیشت مالیاتی استحکام کی جانب گامزن ہے اور مالیاتی خسارے میں مسلسل کمی آ رہی ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون 2023 کو پیش کیا جائے گا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں۔ گزشتہ دو مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا۔ پینشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تا کہ قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا جا سکے اور پنشنرز کی بہترین فلاح و بہبود ممکن بنائی جا سکے۔ محصولات بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔
Comments are closed.