حقیقی آزادی ڈرامے کا ڈراپ سین، سیاسی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ، وفاقی کابینہ

بہارہ کہو بائی پاس  کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق عمل کیا گیا ہے، پی ٹی وی کے فیفا ورلڈ کپ کے حقوق سے دستبرداری کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، واشنگٹن میں دو عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں،عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلےنہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا، عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائد اعظم کے فرمان تو  مت استعمال کریں،مریم اورنگزیب کی وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ

اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں ،تحریک انصاف نے شہداء لسبیلہ کے خلاف مذموم مہم چلائی، وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا، حقیقی آزادی کے نام  پر لگائے گئے ڈرامے کا ڈراپ سین  پوری قوم نے دیکھا، حکومت ہر طرح کی سیاسی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کابینہ نے انسداد پولیو کے  قومی مشن کی تکمیل میں پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا ہے۔ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں ، موجود ہ سال کیلئے گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں،گندم کے موجودہ ذخائر گزشتہ سال کی نسبت 2 فیصد زیادہ ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہارہ کہو بائی پاس  کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق عمل کیا گیا ہے،سردار ایاز صادق کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز کا مؤقف سنا ہے۔کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز نے متفقہ سفارشات  پر اتفاق کیا ،تمام سفارشات کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ہے۔کابینہ  سے منظور ہونے کے بعد یہ سفارشات اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دی جائیں گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی کے فیفا ورلڈ کپ کے حقوق سے دستبرداری کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، فیفا حکام سے نشریاتی حقوق کی واپسی کے حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں، واشنگٹن میں دو عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں،عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلےنہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا،امریکی ٹیکس حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ عمارتیں نیلام نہ کی گئیں تو 13 لاکھ ٹیکس ادا کرنے پڑے گا، عمارتوں کی پہلے بولی 45 لاکھ ڈالر آئی اب 65 لاکھ ڈالر  آچکی ہے، کابینہ نے شفاف طریقے سے ان عمارتوں کی فروخت کی منظوری دی ہے،مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائد اعظم کے فرمان تو  مت استعمال کریں، کیاقائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟ کیاقائد اعظم کا یہ فرمان تھا کہ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟ عمران خان اپنی “حرکتوں ‘‘ کی  قائد اعظم کے اعلیٰ فرامین سے مطابقت کی کوشش نہ کریں، عمران خان کو توشہ خانہ اور  فارن فنڈنگ سمیت تمام بدعنوانیوں کا  حساب دینا پڑیگا، عمران خان کا ذہن جمہوری نہیں ،وہ ناکام ،کرپٹ اور نااہل شخص ہے،عمران خان ملک میں عدم استحکام اور تقسیم  چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ گزشتہ 4 سال کی بدانتظامی  ہے، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔

Comments are closed.