اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں دی گئی سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن اور بکرے کا گوشت بھی دیا جاتا ہے۔ کمرے میں 21 انچ ایل ای ڈی ٹی وی موجود ہے جبکہ روزانہ اخبار بھی فراہم کیا جاتا ہے ۔
اٹارنی جنرل کی جانب سے جمع کرائی گئی 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا گیاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سب سے محفوظ ہائی آبزرویشن بلاک میں رکھا گیا ہے ، 11 فٹ لمبے اور 9 فٹ چوڑے سیل میں ایک پنکھا اور روم کولر کی سہولت دستیاب ہے جبکہ واش روم میں بھی توسیع کی گئی ۔ سیل میں ایک بستر، گدا، چار تکیے، کرسی، میز اور جائے نماز بھی دی گئی ہے ۔ کمرے میں 21 انچ ایل ای ڈی ٹی وی موجود ہے جبکہ روزانہ اخبار بھی فراہم کیا جاتا ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی کو 13 بائی 44 فٹ کی جگہ میں چیل قدمی کی سہولت بھی حاصل ہے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فرمائش پرہفتے میں دو دن جیل میں دیسی گھی میں تیار دیسی چکن جبکہ ایک دن دیسی گھی میں مٹن دیا جاتا ہے۔ 4 قرآنی نسخے انگریزی ترجمے کیساتھ جبکہ اسلامی تاریخ کی 25 کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جیل کے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ کے ماتحت چار اہلکاروں کو چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظت پر معمور کیا گیا۔چہل قدمی کے دوران سابق وزیر اعظم کی حفاظت یقینی بنانے کے لیئے 3 کیمرے نصب کیے گئے جبکہ پرائیویسی کومد نظر رکھتے ہوئے سیل کے اندر کوئی کیمرہ نہیں لگایا گیا۔بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے سیل میں 63 کے وی کا جنریٹر بھی لگایاگیاہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے 10، 15 اور 21 اگست کو ان سے ملاقاتیں کیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے پانچ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر بنایا گیا ہے اورصبح شام اور رات کو ایک ڈاکٹر دستیاب ہے۔
Comments are closed.