اسلام آباد : بلوچستان میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے کے تمام شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلی ٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ شہدا کو پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نمازہ جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، گورنربلوچستان میرجان محمد جمالی، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اوراعلیٰ عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں فوجی افسران کے اہل خانہ اور زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لیئق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہداء کے جسد خاکی راولپنڈی پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی کے ریس کورس گراؤنڈ میں بھی ادا کی گئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت ، آرمی چیف نے شہدا ء کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا،نماز جنازہ کے بعد شہداء کوپورے فوجی اعزاز کیساتھ آرمی قبرستان راولپنڈی میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ اس سے قبل پائلٹ میجر طلحہ شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اورکور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پائلٹ میجر سعید شہید کولاڑکانہ اورنائیک مدثر فیاض کو بھی شکر گڑھ نارووال میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپردخاک کر دیاگیا۔
Comments are closed.