حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی
ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ مہنگائی کی ستائی عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔شہباز شریف
اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ازبکستان سے قبل اہم منظوری بھی دی ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کی گئی۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ مہنگائی کی ستائی عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ازبکستان سے قبل اہم منظوری بھی دی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے زرعی شعبے میں تعاون کا معاہدہ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے پر وزیر اعظم کے دورہ ازبکستان کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم رکن ممالک کا اجلاس 15 اور16 ستمبر کو ازبکستان میں ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق ان کی جانب سے مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کرنے کی وزارت داخلہ کی سمری منظور کی گئی۔ بجلی سے چلنے والے پنکھوں کیلئے منیمم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈ کی میعاد میں 30جون 2023تک توسیع کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 30 جون 2023 سے پہلے منیمم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈ کو بہتر کوالٹی پر لانے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ اجلاس میں بائیواسٹڈی رولز2017کےرولز13میں ترمیم اور امیگریشن آرڈیننس1979کے سیکشن 15میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ نے گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری ایکٹ 2016 میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ ایوکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کے سیکرٹری کی اسامی کے لیے سروس رولز میں ترمیم کی منظوری بھی دی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سیلاب متاثرین کو راشن فراہم کرنے کا پروگرام بھی منظور کر لی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں راشن پروگرام کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کو 56کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے حجاج سے وصول کیے گئے اضافی رقم فوری واپس کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ این ڈی ایم اے کو ریسکیو اور ریلیف کے لیے 3ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ملک میں گندم کی قیمت کے تعین اور یوریا کی تقسیم کے حوالے سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزارت فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ کو ٹاسک دے دیا گیا۔
Comments are closed.