لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے انہیں الیکشن میں شکست کا ڈر ہے، ان کا منصوبہ ہے مجھے اور میری جماعت کو انتخابات سے باہر کیا جائے۔
عالمی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کی تاریخ میں کمزور جمہوریت ہے اور امید صرف عدلیہ ہے، کیا کسی ملک میں سب سے بڑی جماعت کی اعلیٰ قیادت کو اس طرح پکڑا یا نظربند کیا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد سے مجھے ایسے پکڑا جیسے میں کوئی دہشتگرد ہوں، حکومت خوفزدہ ہے انہیں الیکشن میں شکست کا ڈر ہے، حکومت کا منصوبہ ہے مجھے اور میری جماعت کو انتخابات سے باہر کیا جائے، انہیں پتہ ہے ان کا صفایا ہو جائے گا، یہ انتخابات میرے جیل میں ہونے یا مارے جانے کی صورت میں کرانا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جان کو لاحق خطرات کے سبب جج نے میری حفاظت کے احکامات دیئے، جس طرح انہوں نے سب کو مارا پیٹا اور مجھے گرفتار کیا وہ حیران کن تھا، آج تک کسی سیاست دان پر 150 مقدمات نہیں ہوئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے مارنے کی دو بار کوشش کی جا چکی ہے، میں ہرطرح کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔
Comments are closed.