لانگ مارچ اکتوبر میں ہوگا، عمران خان نے پارٹی عہدیداران کو سخت ہدایات جاری کردیں
لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ حقیقی آزادی کو جہاد سمجھ کر اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔ حقیقی آزادی اب نہیں تو پھر کبھی نہیں ہوگی، عمران خان
اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے پارٹی عہدیداران کو سخت ہدایات جاری کردیں ہیں۔
چیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے ہدایت کی کہ لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ حقیقی آزادی کو جہاد سمجھ کر اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔ حقیقی آزادی اب نہیں تو پھر کبھی نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے بڑے جلسے ضرور کئے ہیں مگر اب نچلی سطح کی قیادت تک کو محنت کرنا ہے۔9 اکتوبر کو 12 ربیع الاول کو زبردست، منفرد اور شایان شان طریقے سے منائیں۔ 16 اکتوبر کو 9 قومی اسمبلی اور 3 پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر بھرپور محنت کریں۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ پنجاب کی تینوں نشستوں سے پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی اور پنجاب حکومت بچانے کے لیے کامیابی ضروری ہے۔پنجاب کی قیادت لانگ مارچ سے قبل اپنی تمام توجہ صوبائی ضمنی انتخابات پر مرکوز کرے۔
Comments are closed.