لاہورہائیکورٹ:وزیراعلیٰ پنجاب کوڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

پرویزالہٰی بحال،اگر اپنے طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو ان کی منشا ہو گی لیکن ہم کسی کو پابند نہیں کر رہے:عدالت،وزیراعلیٰ پنجاب کی اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی یقین دہانی

لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری فیصلے کے متن کے مطابق پرویز الٰہی کی اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی یقین دہانی پر گورنر کے 19 اور 22 دسمبر کے نوٹیفکیشن معطل کیے جاتے ہیں اور گورنر کے نوٹیفکیشن 11 جنوری تک معطل رہیں گے۔

تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ اگر پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو عدالت کا یہ حکم انہیں نہیں روکے گا۔فیصلے میں پرویز الٰہی کی انڈر ٹیکنگ کو بھی تحریر کیا گیا۔

فیصلے کے متن کے مطابق گورنر کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ اگر پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے کی یقین دہانی کرائیں تو نوٹیفکیشن واپس لینے کو تیار ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ انہیں گورنر کی آفر تحریری طور پر ملی تو وہ جواب دیں گے۔

اس سے پہلے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر اپنے طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو ان کی منشا ہو گی لیکن ہم کسی کو پابند نہیں کر رہے۔عدالت نے گورنر پنجاب، اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے عدالت کو اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے تمام فریقین کو 11 جنوری کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

Comments are closed.