مذاکرات کی پیشکش دھوکہ ہے، تحریک انصاف جارحانہ رویہ ترک کرے: وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہونے والی کل کی کارروائی مذاکرات سے تحریک انصاف کی وابستگی اور نیت پر سوالیہ نشان چھوڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران فریقین عام طور پر جارحیت ترک کر دیتے ہیں، لیکن تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی مذاکرات کی پیشکش محض ایک دھوکہ ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حکومت نے بانی تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کی ڈیل کی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی اس طرح کے کسی معاہدے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں، حکومت کا اس حوالے سے کوئی کردار نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مختلف مواقع پر ایسی باتیں کی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ڈیل کے خواہاں ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان پس پردہ کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بارے میں کہا کہ ان کے سرکاری حیثیت میں کچھ روابط ضرور ہیں، لیکن ان معاملات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور سیاسی استحکام کے لیے سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہیے۔

Comments are closed.