وزیراعظم کی سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی پرزور مذمت

آزادی اظہار کے لبادہ کو دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، یہ اقدام ناقابل قبول ہے، شہباز شریف کا بیان

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اقدام قرار دیا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ دائیں بازو کے ایک انتہا پسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ آزادی اظہار کے لبادہ کو دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، یہ اقدام ناقابل قبول ہے ۔

گزشتہ روز سوئیڈن میں ترکیہ کے سفارتخانے کے باہر قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا ، سعودی عرب، پاکستان، خلیجی ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے بھی واقعے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

Comments are closed.