سپریم کورٹ آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ججز پر اعتراضات کو آئندہ ہفتے سنے گی

اسلام آباد : سپریم کورٹ آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ججز پر اعتراضات کو آئندہ ہفتے سنے گی۔چیف جسٹس نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت اور کمیشن کے جواب پر درخواست گزار بھی اپنا موقف تحریری طور پر جمع کروا دیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ نے مبینہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کےاغاز پر چیف جسٹس نے کہا رجسٹرار آفس نے حکومتی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کردی کیونکہ ججز پر اعتراضات بنچ کے سامنے ہی اٹھائے جاتے ہیں، بنچ پر اعتراض کی درخواست رجسٹرار آفس نہیں لیتا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بینچ پر اٹھائے گئے اعتراض کی سماعت آئندہ ہفتے کریں گے، حکومت کو پہلے سنیں گے۔ پھر درخواست گزاران کے موقف کو ان درخواستوں پر سن لیں گے، دوران سماعت درخواست گزار ریاض حنیف راہی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جس پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا اپ قانون کے مطابق درخواست دائر کریں معاملہ پر کچھ مزید درخواستیں بھی دائر ہوئی ہیں سب کو نمبر لگا دیا جائے گا۔دوسرے درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے مؤقف اپنایا کہ کمیشن نے ہم پر میڈیا پر جانے کا الزام لگایا ہے جبکہ ہم تو سپریم کورٹ کا دفاع کرتے ہیں۔عدالت نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں جمع کرائے گئےجوابات پر درخواست گزاروں سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.