فتنہ انجام کو پہنچ گیا، اب اس کو ووٹ ڈالنے کوئی نہیں آئے گا، مریم نواز

شجاع آباد : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ فوج کے خلاف بغاوت کیلئے نکلنے والا آج مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے، 9 مئی کے واقعات کی تکلیف ہوئی مگر اچھا ہوا ملک دشمن پہچانا گیا، انتشار اور فتنہ انجام تک پہنچ گیا۔
شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شجاع آباد والو آپ کو نواز شریف کا سلام، پہلی بار شجاع آباد آئی ہوں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، 12 اکتوبر 1999 کو نواز شریف سے حکومت چھینی گئی، نواز شریف نے کبھی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں کی، نواز شریف نے کبھی ملکی املاک کو جلانے کا نہیں کہا، درد تو اس کو ہو گا جو ملک کا بیٹا ہو گا۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا ہے کہ جو ملک بناتا ہے کیا وہ اسے جلا سکتا ہے، جنہوں نے ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے وہ انہیں نہیں جلا سکتے، لیگی قیادت نے کبھی نہیں کہا ملک میں آگ لگا دو، کئی بار ظلم کیا گیا مگر جلاؤ گھیراؤ کا نہیں کہا، شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں، ایک شخص اقتدار سے محروم ہوا تو اصلیت سامنے آگئی۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ شہدا کی یاد گاروں کی توہین کرنے والوں کاعوام پیچھا کریں گے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں، منصوبے کا ماسٹر مائنڈ اب چھپ کر بیٹھا ہے، لیڈر خود مشکلات برداشت کر لیتے ہیں کارکنوں پر آنچ نہیں آنے دیتے، اس شخص نے نوجوانوں سے کتابیں چھین کر ماچس تھما دی، اس کے بچے لندن میں آرام سے بیٹھے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 26 سال میں بننے والی جماعت 26 منٹ میں ریزہ ریزہ ہو گئی، اس کی جماعت اتنی رہ گئی ہے کہ چنگچی میں پوری آجائے گی، اس کو اب ووٹ ڈالنے کوئی نہیں آئے گا، نواز شریف جعلی مینڈیٹ کی پیداوار نہیں، جس کے جہاز میں جماعت بنی تھی اسی کے جہاز میں لوگ واپس گئے، نواز شریف جب واپس آئے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

Comments are closed.