متحدہ عرب امارات کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان سے بھرے 20 طیارے بھیجنے کی یقین دہانی
سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریلیف سرگرمیاں جاری، متحدہ عرب امارات کے حکام کا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے رابطہ،سیلاب زدگان کے ریلیف اور بحالی کیلئے مزید طیارے بھیجنے کی یقین دہانی
اسلام آباد : سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں ،متحدہ عرب امارات کے حکام نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے رابطہ کرکے سیلاب زدگان کیلئے مزید بیس طیارے بھیجنے کی یقین دہانی کر وا دی ۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے سوات ،کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ ساحر شمشاد مرزا نے کوہستان اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سعید احمد نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کرکے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان سے بھرے 20 طیارے بھیجنے کی یقین دہانی کرا ئی ،متحدہ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ گزشتہ روز پاکستان پہنچ چکی ہے جب کہ آج بھی ایک طیارہ پہنچا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ترکی کے چار ملٹری ایئرکرافٹ بھی امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ چین سے دو جہاز امدادی سامان لے کر آئندہ 48 گھنٹوں میں پاکستان پہنچیں گے ،بحرین سے بھی ایک جہاز امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے گا۔ امدادی سامان میں خیمے ادوویات اور کھانے پینے کی اشیا ءشامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور کور سے 8 ٹن کھانے پینے کی اشیاءبلوچستان ،راولپنڈی کور سے 4 ٹن راشن ڈی آئی خان جبکہ گوجرانوالہ کور نے 4 ٹن راشن پنوعاقل منتقل کردیا گیاہے۔
دوسری جانب کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے سوات میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کیساتھ کمراٹ سے ریسکیو کیے گئے سیاحوں سے بھی ملاقات کی ۔کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ ساحر شمشاد مرزا نے بھی کوہستان کا دورہ کیا اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف جوانوں سے ملاقات کی،کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سعید احمد نے لاڑکانہ ، نوشہروفیروز، شاہ جیلانی اور کمبر شہداد کوٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں ریلیف اور ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی گئی، کور کمانڈرز نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
Comments are closed.