امریکی صدر کا بیان مسترد، پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک، اثاثے محفوظ ہیں،شہباز شریف
جوبائیڈن کا بیان حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہے۔ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے،جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے،وزیراعظم شہباز شریف کا ردعمل
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے، جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کا جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے،جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستان ایٹمی عدم پھیلاو پر آئی اےای اے سمیت عالمی معیارات پر سختی سےکاربند ہے۔ وزیر اعظم نے واضح کیاکہ عالمی امن کو اصل خطرہ انتہا پسند اور انسانی حقوق پامال کرنے والی ایسی ریاستوں سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے ہیں۔ دنیا کی سلامتی کو خطرہ ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی طویل تاریخ ہے، ایک ایسے وقت میں جب دنیا بڑے مسائل سے دوچار ہے،غیرضروری بیانات سے گریز کیاجائے۔علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے امریکہ کے ساتھ تعاون کی ُپرخلوص خواہش رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی کہاہے کہ میں واضح طور پر دہراتا ہوں پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے،ہمیں فخر ہے کہ آئی اے ای اے کی ضروریات کے مطابق جوہری اثاثوں کے تحفظ کیلئے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں اور اس حوالے سے کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔
Comments are closed.