ہماری سر زمین سے ایمن الظواہری پرحملے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ترجمان پاک فوج

ایمن الظواہری کے واقعے پر دفترخارجہ نے واضح پیغام جاری کردیا،قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے،جس کا جو دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر لکھ دیتا ہے،ہیلی کاپٹر حادثے پرسوشل میڈیا پر پروپیگنڈا افسوسناک ہے،یہ بے حس رویہ ناقابل قبول ہے،اس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ایمن الظواہری کے واقعے پر دفترخارجہ نے واضح پیغام جاری کردیا ہے۔سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے کہ پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہو۔نجی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے ، جس کا جو دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر لکھ دیتا ہے۔

میجر جنرل بابرافتخار نے کہا کہ دشمن ممالک کی طرف یہ چیزیں فیڈ کی جاتی ہیں ۔بےجا قسم کے بیان دیئے جاتے ہیں۔جن کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔ایسی چیزوں سے صرف ملک کا نقصان ہوتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔افسران فلڈ ریلیف کے کاموں کی نگرانی کررہے تھے۔حب ڈیم کے پاس اچانک موسم خراب ہوا اور ہیلی کاپٹر کریشن ہوگیا۔حادثے کی ساری تفصیلات ہمارے پاس آچکی ہیں۔حادثے کے بعد جس طرح قوم کی سپورٹ ملی جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔اسی قوم کے سپورٹ کی وجہ سے ہماری فوج کھڑی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پرسوشل میڈیا پر پروپیگنڈا افسوسناک ہے۔یہ بے حس رویہ ناقابل قبول ہے۔اس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔

Comments are closed.