اسلام آباد: ملک میں مختلف مافیاز کی جانب سے کی جانے والی مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس میدان میں اتر گئی، مختلف شہروں میں رضاکاروں کی نشاندہی پر چینی، آٹا اور چاول کی ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی۔
مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن شروع ہو گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں رضا کاروں کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے حکام نے چھاپے مارے، ذخیرہ اندوزی سے متعلق معلومات درست ثابت ہونے پر آٹا، چینی اور چاول کا سٹاک قبضے میں لے لیا۔
ہنجروال میں واقع گودام پر چھاپے کے دوران چینی کے 50 کلو گرام کے800 سے زائد تھیلے برآمد کیے گئے،جب کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں کارروائیاں کیں، ضلعی انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزی کرنے والے افراد کو بھاری جرمانے جب کہ 4 ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مقدمات درج کروا کے اسٹورز، گودام سیل کر دئیے۔
خفیہ سروے میں اشیائے ضروریہ کی زائد قیمت میں فروخت کا بھی انکشاف ہوا، ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے اور متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو دی جائے گی۔
Comments are closed.