راولپنڈی :تھانہ ریس کورس کے ایس ایچ او عمران عباس کی شہادت کے بعددہشت گردی کا ایک اور واقعہ، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ناکے پر کھڑے ٹریفک وارڈن کو شہید کر دیا۔ رواں ہفتے کے دوران نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جڑواں شہروں میں تین پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں سٹی ٹریفک وارڈن نوید ڈیوٹی پر موجود تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹارگٹ کر کے فائرنگ کر دی جس سے نوید شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ٹریک وارڈن کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ شہید ہونےو الے اہلکار کا تعلق اٹک سے تھا۔

سات مارچ کو تھانہ سول لائن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے قریب ہی نامعلوم ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے ایس ایچ او ریس کورس عمران عباس جبکہ اسی روز اسلام آباد میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وفاقی پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل شہید ہو گیاتھا۔ پولیس اہلکاروں کی پہ در پہ شہادتوں نے جڑواں شہروں کی سیکیورٹی پرسوالیہ نشان عائد کر دیا ہے ۔
Comments are closed.