کراچی میں پاک بحریہ کے لیے جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب ہوئی، ملجم کلاس جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نیول چیف ایڈمرل امجد علی خان نیازی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکی کے نائب صدر، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر مہمان گرامی کو پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔آج کا دن پاکستان نیوی کے لیے تاریخی ثابت ہوگا، پی این ایس طارق پاکستان کے دفاع کے لیے کارگر ثابت ہوگا۔
ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے جارہے ہیں، سیلاب کے دوران جس طرح ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی اسی طرح پاکستان نے زلزلے کے دوران ترکیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔ترکیہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی این ایس طارق چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات سے منسلک ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ یہ اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا بہترین وقت ہے، دونوں ممالک ایک ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔2010 میں بھی ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، سیلاب کے دوران ترکیہ نے کھل کر پاکستان کی مدد کی۔
ملجم کلاس جہاز کثیر المقاصد جنگی بحری جہاز ہے جو سطح آب، زیر آب اور فضائی آپریشن کی جدید حربی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ بحری جہاز سطح آب سے میزائلوں اور مین گن سے اہداف کا پتہ لگا کر حملے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز جدید ترین سینسر، جارحانہ اور دفاعی ہتھیار سے لیس ہے۔جدید بحری جہاز پی این ایس طارق، ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز کرنے کی صلاحیت اور کیم کاپٹر سے بھی لیس ہے۔
Comments are closed.