روس، یوکرین تنازع کے دوران کسی بھی فریق کو اسلحہ نہیں دیا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ کے ریمارکس غیرضروری ہیں۔ یوکرین اورروس تنازع کے دوران کسی فریق کو اسلحہ نہیں دیا۔وزیراعظم شہبازشریف 6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کےلیے برطانیہ جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث پایا گیا اور گرفتار ہوا۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارت کی دھشتگردی کا ثبوت ہے۔بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔سید شکیل یوسف اور سید شاہد یوسف نامی کشمیریوں کی پراپرٹیز قبضہ کر لی گئی ہیں۔دونوں کشمیری پہلے ہی بھارت کی تحویل میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف چین کے دورے پر ہیں۔دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔سی پیک کے پاکستان میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔سی پیک پاکستان کے لئے بہت اہم ہے۔ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران تعلقات بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔۔افغان وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔دورے کے حوالے سے جلد تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سارک کو متحرک کرنے کی کوشش کی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ایس سی او کانفرنس میں شرکت پاکستان کے موقف کی عکاسی ہے۔وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کا مقصد ایس سی او فارن منسٹر کانفرنس میں شرکت کرنا ہے۔بلاول بھٹو کا دورہ دوطرفہ نہیں۔پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔۔بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔سوڈان سے 149 پاکستانی وطن پہنچ چکے ہیں۔

Comments are closed.