مون سون با رشوں سے نمٹنے کے لیے واسا راولپنڈی کی تیاریاں مکمل،عملہ ہائی الرٹ

 راولپنڈی : سیکرٹری ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب کی نوٹیفائیڈ تھر ڈ پارٹی نے سپریٹنڈنگ انجینئر پبلک ہیلتھ گجرانوالہ ڈویژن قیصر راشد کی سربراہی میں راولپنڈی کا دورہ کیا اور نالہ لئی کی صفائی ، مون سون بارشوں اورسیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کی تیاریوں اور نکاسی آب میں استعمال ہونے والی مشینری کا جائزہ لیا۔ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے جدید ونچنگ مشینوں سے سیورج لائنوں کی صفائی کا بھی معائنہ لیا۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر راشد نے کہا کہ نالہ لئی کی بھل صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ،نالہ لئی کے ساتھ ساتھ شہر کے گیارہ نالوں کی صفائی کا بھی معائنہ کیا جن کی صفائی کا دوسرا مرحلہ جاری ہے اور یہ عمل مون سون کے دوران بھی جاری رہے گا۔ واسا کی مشینری کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ ایشئن ڈویلپمنٹ بینک نے بھی مزید مشینری فراہم کرنے پر رضا مندی کی ہے۔

ایس ای پبلک ہیلتھ نے کہا ہے کہ واسا راولپنڈی کی مون سون بارشوں کے حوالے سے تیاریاں تسلی بخش اور قابل تعریف ہیں ۔امید ہے کہ مون سون کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہو ں نے شہریوں سے بھی اپیل  کی ہے کہ کوڑا کرکٹ اور ملبہ نالوں اور سیور لائنوں میں نہ پھینکیں۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا محمد تنویر اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلیم اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

Comments are closed.