حکومت کوہم نہیں گرا رہے،اپنے بوجھ سے گررہی ہے، فواد چودھری
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی بین الاقوامی سازش سے حالات خراب ہو رہے ہیں،ن لیگ میں ہمیشہ سے ایک بھائی پرو اور دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب ہو جاتا ہے،نواز شریف اور مریم نواز شہباز شریف کے خلاف محاذ بنانا چاہتے ہیں، فواد چودھری
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو ہم نہیں گرا رہے بلکہ حکومت اپنے بوجھ سے گر رہی ہے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مطالبہ کرتے ہیں حلیم عادل شیخ کو رہا کیا جائے اور امید عدلیہ اس معاملے پر نوٹس لے گی۔حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں اور تمام مسائل میں وفاق خاموش بیٹھا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان جل رہا ہے۔ڈالر اوپر جا رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں مندی ہے۔ سیلاب پر توجہ نہیں دی گئی اور نومبر میں آٹے کا بحران بھی ہو گا۔حکومت کو ہم نہیں گرا رہے۔بلکہ حکومت اپنے بوجھ سے گر رہی ہے۔سازش سے حکومت بنی اب ان سے خود کچھ نہیں سنبھل رہا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی بین الاقوامی سازش سے حالات خراب ہو رہے ہیں۔جبکہ ن لیگ میں ہمیشہ سے ایک بھائی پرو اور دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب ہو جاتا ہے۔نواز شریف اور مریم نواز شہباز شریف کے خلاف محاذ بنانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.