ہم معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال

اسلام آباد : چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ہم معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے۔

سپریم کورٹ میں آج کے الیکٹرک نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال ہو چکے ہیں۔ پرانے مقدمات اس لئے سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں لائیو ایشو ہے؟

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے، آپ چاہیں تو متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ویسے بھی پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184 کی شق تین سے متعلق دو قوانین بنائے ہیں۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں، ججز دستیاب نہیں ہوں گے۔ آپ ہدایات لے لیں، کل کیس سنیں گے۔

سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

Comments are closed.